بھٹکل 9 جون (ایس او نیوز) تعلقہ کے سیاحتی مقام مرڈیشور سمندر میں غرق ہوکر دو نوجوان لاپتہ ہوگئے جن کی تلاش ہنوز جاری ہے۔ البتہ تین دیگر لوگوں کو غرق ہونے کے دوران بچالیا گیا ہے۔ واردات جمعرات شام کو پیش آئی۔
پولس نے بتایا کہ ضلع کولار کے سری نواس پور سے 12 لڑکوں کی ایک ٹیم مرڈیشور میں سیاحت کے لئے آئی تھی، اُس میں سے ایک لڑکا ابرار شیخ (21) غٖرق ہوگیا، جبکہ ضلع شموگہ کے اگومبے سے تین لوگوں پر مشتمل ایک خاندان کے لوگ بھی مرڈیشور سمندر میں نہا رہے تھے جس میں سے ایک نوجوان سوشانت ایم ایس (23) غرق ہوگیا ہے۔
پولس نے بتایا کہ شری نواس پور سے آئے ہوئے سبھی 12 لوگ جن کی عمریں 20 سے 23 سال ہے، شام کو مرڈیشور سمندر میں کھیل رہے تھے کہ اچانک ایک بڑی موج آئی اور تین لوگوں کو اپنے ساتھ لے گئی۔ اس میں سے دو لوگوں کو بچالیا گیا، البتہ ابرار شیخ سمندری موجوں کے بہاو میں انکھوں سے اوجھل ہوتا چلاگیا ۔ اسی طرح اگومبے کے ایک ہی خاندان کے تین لوگ بھی سمندر میں کھیل رہے تھے جس کے دوران سوشانت اور اس کے چاچا سمندری لہروں کی زد میں آکر غرق ہونے لگے، اس موقع پر مقامی ماہی گیر سوشانت کے چاچا کو بچانے میں کامیاب ہوگئے، مگر سوشانت غرق ہوکر لاپتہ ہوگیا۔ سمندر میں غرق ہونے والے دونوں نوجوانوں کو تلاش کیا جارہا ہے۔
مرڈیشور پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے اور سرکل پولس انسپکٹر مہابلیشورنائک کی قیادت میں جانچ کی جارہی ہے۔ انسپکٹر نے بتایا کہ ابرار کے گھر والوں کو واقعے کی جانکاری دی گئی ہے اور وہ بھٹکل کے لئے نکل رہے ہیں۔ اس موقع پر انسپکٹر نے عوام الناس سے درخواست کی کہ سمندر میں کہیں بھی کوئی نعش تیرتی ہوئی نظر آتی ہے تو فوری طور پرمرڈیشور پولس تھانہ کو خبر کریں۔
